ڈاکٹرمعین الدین عقیل

: شخصیت و خدمات  سیّد روح الامین (مرتب) / عزت اکیڈمی – گجرات/ اپریل ۲۰۲۴ / ۳۳۲ صفحات / مجلد مع گردپوش، ۱۵۰۰ روپے

ڈاکٹر معین الدین عقیل (پیدایش: ۱۹۴۷) ہمارے عہد کے نام ور نقّاد، محقق اور ماہر تعلیم و تدریس ہیں۔ انھوں نے وطن عزیز میں جامعۂ کراچی اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی – اسلام آباد کے شعبہ ہاے اُردو میں قائدانہ خدمات انجام دی ہیں۔ بیرونِ ملک پہلے اورینٹل یونیورسٹی – نیپلز (اٹلی) اور بعد ازاں ٹوکیو (جاپان) سے بھی وابستہ رہے۔ اُردو اور انگریزی میں اَسی (۸۰) سے زائد چھوٹی بڑی تصنیفات، تالیفات اور مرتبات اُن کے کریڈٹ پر ہیں، اور مقالات کی ایک بڑی تعداد ہے جن کا ایک حصہ اُن کی بعض کاوشوں کی شکل میں کتابی صورت میں بھی سامنے آگیا ہے، نیز جامعاتی سندی مقالات کی ایک اچھی خاصی تعداد ہے جو وطن عزیز کی مختلف جامعات میں اُن کی نگرانی میں لکھے گئے ہیں، اور اُن کے طلبہ و طالبات اُن کی تدریسی اور تصنیفی روایت اگلی نسل تک منتقل کررہے ہیں۔ اُن کی تصنیفی اور تالیفی خدمات کو جامعات کی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ جامعۂ کراچی نے انھیں ڈاکٹریٹ اور ڈی-لٹ کی سندات سے نوازا ہے۔ قومی سطح پر انھیں ستارۂ امتیاز کا مستحق قرار دیا گیا ہے۔ اِسی طرح اُن کے صاحبِ علم معاصرین نے اُن کی سترویں سالگرہ پر اُن کے اعزاز میں ‘‘جنوب مغربی ایشیا کا علمی تناظر: تاریخ، تہذیب اور ادب’’ (کراچی: ادارہ معارفِ اسلامی، ۲۰۱۶) کے عنوان سے ارمغانِ علمی پیش کیا۔ مزید براں اُن کی علمی خدمات کی تجلیل کے لیے جامعات میں ایم-فل کے مقالات لکھے گئے ہیں، جن میں سے شعبۂ اُردو، جامعۂ کراچی میں رخسانہ فیض کا پیش کردہ مقالہ چھپ چکا ہے، اس کے اجزاء اور اِس پر تبصرہ زیرِنظر مجموعۂ مضامین میں شامل ہے۔ دوسرا مقالہ ڈاکٹر افضل الدین اقبال کی نگرانی میں جامعۂ عثمانیہ – حیدرآباد (آندھراپردیش) کے شعبۂ اُردو میں فرحت سلطانہ نے لکھا ہے۔ آخر الذکر مقالے پر مبنی طویل تحریر ‘‘ڈاکٹر معین الدین عقیل کی اُردو خدمات’’ (صفحات: ۷۵-۱۲۱) شاملِ مجموعہ ہے۔

زیرِنظر مجموعہ ڈاکٹر معین الدین عقیل کے مدّاح اور دیرینہ عقیدت مند جناب سیّد روح الامین نے مرتب کیا ہے، اور مجموعے کے مقدمہ نگار جناب ارشد محمود ناشاد نے وطن عزیز کے اُردو اساتذہ اور اُردو دوستوں کی جانب سے بجا طور پر لکھا ہے کہ سیّد روح الامین نے یہ کام انجام دے کر ‘‘اُس فرض کی تکمیل کی ہے جو ہم سب پر ایک قرض تھا۔’’

مختلف افراد کی تحریروں کے مجموعے میں، جب سبھی ایک ہی مجموعۂ خوبی پر لکھ رہے ہوں، ناگزیر تکرار تو موجود ہے، مگر ان سے ڈاکٹر معین الدین عقیل کے خاندانی پس منظر، اُن کے حالاتِ زندگی، شخصیت اور ان کی کثیرجہتی خدمات سے قاری کو مفصل اطلاعات ملتی ہیں۔ اُن کی خدمات کے معترف حضرات میں مولانا ماہر القادری، مولانا نعیم صدیقی، ڈاکٹر فرمان فتح پوری، مرزا ادیب، مرزا ظفرالحسن، حمیدالدین شاہد، ڈاکٹر رفیع الدین ہاشمی، سیّد قاسم محمود، پروفیسر فتح محمد ملک اور ملک نواز احمد اعوان جیسے حضرات شامل ہیں۔

اُردو زبان و ادب سے عمومی دلچسپی رکھنے والوں، نیز تحقیق و تدوین میں کچھ کر گزرنے والوں کے لیے یہ مجموعۂ مضامین مشعلِ راہ سے کم نہیں۔ مجموعہ نہایت مناسب معیار طباعت پر پیش کیا گیا ہے۔

اسلام آباد                                                                                                احمد حاطب صدیقی