افتخار احمد تاج الدین الازہری (مدیر) / جامعہ بحرالعلوم السلفیہ، سیٹلائٹ ٹاؤن، میر پور خاص – سندھ / ۳۱۱ صفحات / مجلد، قیمت درج نہیں۔
جناب محمد اسمٰعیل میمن (ولادت: ڈیپلو ضلع تھرپارکر، ۱۹۳۱ ) پیشے کے لحاظ سے وکیل ہیں۔ انھوں نے اپنی والدہ مرحومہ کی یاد میں بطور صدقہ جاریہ ایک دینی مدرسے کی تأسیس کا ارادہ کیا تھا جس کا سنگِ بنیاد ۳؍اپریل ۱۹۸۲ کو مولانا محمد یوسف زبیدی (م۲۰۱۰) نے دوسرے حضرات کے ہمراہ رکھا۔ سال بھر میں عمارت کی تکمیل پر ۱۸ ؍ اپریل ۱۹۸۳ کو سیّد بدیع الدین شاہ راشدی (م۱۹۹۶) کے ہاتھوں اِس کا افتتاح ہوا۔ ۱۹۸۵ میں اِسے جامعہ بحرالعلوم السلفیہ کا نام دیا گیا۔ وقت کے ساتھ اس نے سندھ کے نمایاں دینی مدرسے کی حیثیت اختیار کرلی ہے۔ ان دنوں وفاق المدارس السلفیہ میں شامل ہے۔ آج کل مدرسے کے صدر مدرس اور شیخ الحدیث، مولانا افتخار احمد تاج الدین ہیں جو مدرسے کے فارغ التحصیل عالم ہیں، اور انھیں جامعۃ الازہر میں مزید تعلیم حاصل کرنے کے مواقع ملے ہیں۔ ۲۰۲۳ میں مدرسے نے دینی دعوت اور تدریس کے چالیس سال مکمل کیے۔ اس مبارک موقع پر مدرسے کے ترجمان مجلہ ‘‘بحرالعلوم’’ کی زیرِنظر خصوصی اشاعت پیش کی گئی۔ اس میں مختلف حضرات کی تحریروں کی صورت میں بانی مدرسہ کی سوانح حیات، مدرسے کے تاریخی ارتقاء، اس کے اساتذہ کے تعارف، مادرِ علمی کے بارے میں نمایاں طلبہ کے تأثرات اور بعض مہمانان گرامی کی آراء وغیرہ یک جا کی گئی ہیں۔
